منگلورو23؍نومبر (ایس او نیوز) کُولُور کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے بیچ خطرناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک بائک پھسل کر ندی میں گر گئی اور اس پر سوار دونوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت نکھل(21سال) اور وجیش (22سال) کے طور پر کی گئی ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق دو موٹر بائکس پرسوار ہوکر چار نوجوان کُولُور ندی کے قریب واقع ریسارٹ کی طرف جارہے تھے۔ دونوں موٹر سائیکلوں کی رفتار بے حد تیز تھی اور اس وجہ سے بے قابو ہوکر یہ دونوں بائکس آپس میں ٹکر اگئیں جس میں سے ایک بائک ندی میں گرگئی۔ اور اس پر سوار دونوں نوجوان ندی میں غر ق ہوگئے۔حالانکہ حادثہ ہوتے ہی مقامی لوگوں نے ندی میں غرق ہونے والے نوجوانوں کو بچانے کی کوشش ضرور کی مگر چونکہ رات کا اندھیرا بہت گہرا تھا اور موٹر بائک بھی ندی کی گہرائی میں تہہ تک پہنچ گئی تھی، اس لئے ڈوبنے والوں کو زندہ بچالینا ممکن نہیں ہوسکا۔
حادثے کی اطلاع ملنے اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ گیاجس کے بعد ندی میں غرق ہونے والی موٹر بائک اور نوجوانوں کی لاشیں نکالنے کی کارروائی انجام دی گئی۔